کشمیرکی تشویشناک صورتحال پرنوٹس لینے کی اپیل،تاریخ سے سبق لینے کامطالبہ
جموں، 5 /دسمبر(ایس او نیوز آئی این ایس انڈیا)سابق مرکزی وزیرپروفیسرسیف الدین سوزؔنے آج میڈیاکے نام بیان جاری کرکے کہاکہ ”مجھے باخبر ذرائع سے بتایا گیا ہے کہ کشمیر کی سول سوسائٹی کے کئی حلقوں میں یہ خدشہ ظاہرکیاجا رہا ہے کہ مرکزبالواسطہ طورپرکشمیر میں ایک تیسرا محاذ وجود میں لانے کی کوشش میں ہے جو اُن کی پالیسی کے مطابق یہاں ایک سیاسی عمل شروع کرنے کی کوشش کرے گا۔انہوں نے یہ بھی کہاکہ میری نظر میں ایسے خدشات اپنی جگہ صحیح ہیں کیونکہ یونین آف انڈیا نے کشمیر کے لوگوں کی خواہشات اور ہر لحاظ سے جائز اُمنگوں کو سمجھنے میں غلطیاں کی ہیں اور ایسی کاروائیا ں کی ہیں جن سے یہاں کے لوگوں کے ذہنوں میں لگاتار ارتعاش پیدا ہوتا رہا ہے۔تاریخ میں دانشوروں نے ہمیشہ یہ فیصلہ صادر کیا ہے کہ جو لوگ اپنی غلطیوں سے سبق سیکھنے کی کوشش نہیں کرتے،وہ غلطیوں کا ارتکاب بار بار کرتے رہتے ہیں۔میری یہ امید ہے کہ یہ ناعاقبت اندیش عناصر اپنے غلط ارادوں میں کامیاب نہیں ہوں گے اور کشمیر کے لوگ ایسی کاروائی کو اپنے عمل سے رد کریں گے۔سابق مرکزی وزیرنے خبردارکیاکہ کشمیر کی موجودہ تشویشناک صورتحال کا سنجیدہ نوٹس لے کر مرکزی سرکار کو فوراً متوجہ ہونا چاہئے اور حریت کانفرنس کے ساتھ کشمیر کے سیاسی مسئلے پر بات چیت کا آغاز کرنا چاہئے۔ اس کے بغیر مرکزکے پاس کوئی اور راستہ نہیں ہے۔دریں اثناء سابق مرکزی وزیر خارجہ ووزیر خزانہ یشونت سنہا صاحب کی قیادت میں ڈیلی گیشن پھر سے کشمیر کا دورہ کرنے والا ہے۔ میں اس کا خیر مقدم کرتا ہوں اور اس ڈیلی گیشن کے سامنے جو مشن ہے اُس کی کامیابی کیلئے نیک خواہشات پیش کرتا ہوں“۔